پریس ریلیز
غزہ کے حوالے سے سلامتی کونسل کے حالیہ فیصلے پر لیگ کا بیان
لیگ آف پارلیمنٹرینز فار القدس اینڈ فلسطین اس بات کی توثیق کرتی ہے کہ بین الاقوامی قوانین اور حوالہ جات کے ساتھ معاملہ کسی صورت انتخابی، جزوی یا وقتی سیاسی مصلحتوں کے تابع نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ فلسطینی عوام کے حقوق اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانونی فیصلوں اور بین الاقوامی انسانی قانون کے اصولوں کے تحت ثابت و قائم ہیں، اور کسی بھی بہانے سے انہیں نظرانداز یا پامال نہیں کیا جا سکتا۔
لیگ، غزہ کے بارے میں سلامتی کونسل کے فیصلے کی باریک بینی سے نگرانی کرتے ہوئے اس بات پر زور دیتی ہے کہ کوئی بھی فیصلہ جو اقوام متحدہ کے چارٹر کی دفعات سے متصادم ہو، یا فلسطینی عوام کے اپنے اوپر مسلط قبضے کے خلاف دفاع کے فطری حق کو کمزور کرے، یا ان کے ناقابل تنسیخ حق—آزادی، خود ارادیت، اور اپنی پوری سرزمین پر آزاد ریاست کے قیام—کو محدود کرے، وہ فیصلہ حقیقی امن یا دیرپا استحکام کا باعث نہیں بن سکتا۔
لیگ اس بات کی بھی تصدیق کرتی ہے کہ فلسطینی حقیقت کو ازسرنو تشکیل دینے کی کوئی بھی کوشش (خواہ وہ مسلط کردہ سکیورٹی یا سیاسی انتظامات کے ذریعے ہو جو فلسطینی قومی ارادے کے منافی ہوں، یا جو قبضے اور اس کی پالیسیوں کو نظرانداز کریں) مزید تناؤ، بے چینی اور عدل کے فقدان ہی کو جنم دے گی۔ امن کا راستہ صرف اس سے شروع ہوتا ہے کہ قبضہ ختم کیا جائے، غزہ کا محاصرہ اٹھایا جائے، اور فلسطینی عوام کے تمام حقوق—بغیر تقسیم اور بغیر کٹوتی—پورے کئے جائیں۔
لیگ عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ بین الاقوامی انصاف کے اصولوں کا احترام کرے، دوہرے معیار استعمال نہ کرے، اور ان فیصلوں کے نفاذ کو یقینی بنائے جو شہریوں کے تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں اور قبضہ کرنے والی طاقت کو اس کے جرائم پر جوابدہ ٹھہراتے ہیں، نیز فلسطینی عوام کے حق آزادی اور حق خودمختاری کی حمایت کریں، جو کہ غزہ کے محاصرے کے خاتمے اور اس کی تعمیر نو سمیت خطے میں سلامتی اور استحکام کے کسی بھی سنجیدہ اقدام کی واحد بنیاد ہے۔
لیگ آف پارلیمنٹرینز فار القدس اینڈ فلسطین
بدھ،19 نومبر 2025