فلسطین کے لئے ملائیشیائی پارلیمانی کاکس کے سربراہ اور لیگ آف پارلیمنٹرینز فار القدس اینڈ فلسطین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن، نائب سید ابراہیم سید نوح نے کہا ہے کہ کاکس نے حکومت کو ایک سلسلہ وار سفارشات پیش کی ہیں، جن کا مقصد فلسطینی عوام کی حمایت میں ملائیشیا کے سرکاری مؤقف کو مزید مضبوط بنانا اور اسرائیلی قبضے کی پالیسیوں کی مخالفت کرنا ہے۔
سید ابراہیم نے وضاحت کی کہ یہ سفارشات وزیر خارجہ محمد حسن کو پیش کی گئی ہیں، جن میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری اور سمندری سرگرمیوں کا جامع جائزہ لے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ان کا کسی بھی طرح—براہ راست یا بالواسطہ—اسرائیلی کمپنیوں یا قبضے کے تحت چلنے والے اداروں سے کوئی تعلق نہ ہو۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت ایسا قانون بنائے جو اسرائیلی حکومت کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات یا لین دین پر پابندی کو واضح کرے، اور یہ یقین دہانی کرائے کہ سرکاری کمپنیاں اور ان کی ذیلی ادارے ان اداروں سے منسلک نہ ہوں جو فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی یا ظلم میں ملوث ہیں۔
سید نوح نے وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ” Ops Ihsan“ آپریشن کو دوبارہ فعال کرے تاکہ یہ ملائیشیا کی طرف سے فلسطین کو انسانی امداد پہنچانے کا سرکاری اور مربوط ذریعہ بن سکے، اور اس طرح کوالالمپور کے فلسطینی عوام کے ساتھ مستقل اور مضبوط تعاون کو دوبارہ ظاہر کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید زور دیا کہ اسرائیلی مظالم کے بارے میں سرکاری اور سفارتی بیانات میں لفظ ”نسل کشی“ (Genocide) کو باقاعدہ طور پر اپنایا جائے، تاکہ بین الاقوامی سطح پر ملائیشیا کا اخلاقی اور قانونی مؤقف مزید مضبوط ہو۔