urdu

پریس ریلیز

” غزہ میں جاری انسانی المیہ ایک اخلاقی رسوائی اور بین الاقوامی ذمہ داری ہے، جس میں مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں“

نومبر 10, 2026

پریس ریلیز

لیگ آف پارلیمنٹرینز فار القدس اینڈ فلسطین کا بیان: غزہ میں جاری انسانی المیہ ایک اخلاقی رسوائی اور بین الاقوامی ذمہ داری ہے، جس میں مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں

لیگ آف پارلیمنٹرینز فار القدس اینڈ فلسطین غزہ کی پٹی میں جاری انسانی تباہی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی بے گھر افراد کے خیمہ کیمپوں میں پانی بھر رہا ہے، ریت کے تودے عارضی پناہ گاہوں پر گر رہے ہیں اور خواتین اور بچے دردناک حالات کا شکار ہو رہے ہیں۔ یہ دل دہلا دینے والے مناظر دنیا بھر کے سامنے بار بار پیش آ رہے ہیں، جبکہ جنگ، تباہی، بے گھری اور محاصرے کو تین سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔

لیگ بین الاقوامی اداروں، بالخصوص اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی اداروں، نیز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں قائم پیس کونسل کو غزہ میں جاری انسانی تباہی کا ذمہ دار قرار دیتی ہے۔ اس کی وجہ گزشتہ تین برسوں کے دوران شہریوں کے تحفظ میں بین الاقوامی برادری کی ناکامی ہے۔

لیگ اس بات پر زور دیتی ہے کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ ایک مکمل اخلاقی اور انسانی المیہ ہے، جو بین الاقوامی نظام کی اس ناکامی کو بے نقاب کرتا ہے کہ وہ ایک ایسی قوم کی حفاظت نہیں کر سکا جسے بمباری، محاصرے اور شدید سردی کے درمیان موت کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب، اقوام متحدہ اور اس کے خصوصی ادارے مسلسل اس المیے کو دستاویزی شکل دے رہے ہیں اور اس کے نتائج سے خبردار کر رہے ہیں، لیکن وہ نہ تو اسے ختم کر سکے ہیں اور نہ ہی زندہ رہنے کے لئے ضروری بنیادی سہولتیں فراہم کروا سکے ہیں۔ اس دوران اسرائیل امداد، پناہ گاہوں کی تعمیر کے سامان اور تعمیر نو کے لئے ضروری اشیا کی آمد پر پابندیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

لیگ پیس کونسل اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو، کونسل کے چیئرمین اور اعلان کردہ امن معاہدے کے بنیادی سرپرست کی حیثیت سے، انسانی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکامی کا سیاسی اور اخلاقی طور پر جواب دہ قرار دیتی ہے۔ لیگ اس بات پر زور دیتی ہے کہ جس معاہدے کو ایک تاریخی کامیابی کے طور پر پیش کیا گیا تھا، وہ اپنے بنیادی مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ان مقاصد میں شہریوں کا تحفظ، محاصرہ ختم کرنا، امداد کی فراہمی یقینی بنانا اور تعمیر نو کا آغاز کرنا شامل تھا۔ اس کے بجائے، اس معاہدے کی موجودگی میں بھی غزہ کے لوگوں کی تکالیف اور ان کے خلاف اسرائیلی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

لیگ اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ فلسطینیوں کی زندگیوں کو ایسا معاملہ سمجھنا جسے مؤخر کیا جا سکتا ہو یا جس پر سودے بازی کی جا سکتی ہو، امن عمل کو اس کی انسانی بنیادوں سے محروم کر چکا ہے۔ مزید یہ کہ جنگی جرائم کے ذمہ داروں کو مسلسل جواب دہی اور سزا سے بچنے کی اجازت دینے سے قابض قوت کو اپنی خلاف ورزیاں جاری رکھنے کا حوصلہ ملا ہے۔ اس سے بین الاقوامی نظام انصاف کمزور ہوا ہے اور مجرموں کو سزا سے بچنے کا کلچر مضبوط ہوا ہے۔

لیگ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، پیس کونسل اور معاہدے کی سرپرستی کرنے والی اور اس کی ضمانت دینے والی ریاستوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور فوری طور پر ایسے مؤثر اور پابند اقدامات کریں جن سے خلاف ورزیاں روکی جا سکیں، امداد، پناہ گاہوں اور تعمیر نو کے سامان کے لیے سرحدی گزرگاہیں کھولی جا سکیں، بے گھر افراد کو محفوظ رہائش فراہم کی جا سکے اور کسی سیاسی شرط کے بغیر غزہ کی پٹی کی تعمیرِ نو شروع کی جا سکے۔

لیگ علاقائی اور بین الاقوامی پارلیمانوں اور پارلیمانی یونینوں سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ محض یکجہتی کے بیانات دینے سے آگے بڑھیں اور محاصرہ ختم کرنے، بین الاقوامی نظام انصاف کی حمایت کرنے اور فلسطینی عوام کے خلاف جرائم کے ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لئے سیاسی اور قانون سازی کے ذریعے دباؤ ڈالیں۔

لیگ ایک بار پھر واضح کرتی ہے کہ اس اخلاقی اور انسانی رسوائی کو فوری طور پر روکنے میں ناکامی پر خاموش یا غیر فعال رہنے کا بین الاقوامی برادری کے پاس کوئی جواز نہیں ہے۔ ریت کے گرتے ہوئے تودوں اور پانی سے بھرے خیموں میں موت کا سامنا کرنے والے بچوں کو مزید وعدوں اور کانفرنسوں کی ضرورت نہیں، بلکہ انہیں فوری تحفظ اور محفوظ پناہ گاہیں درکار ہیں۔ غزہ میں موت کا سلسلہ جاری ہو تو امن کی بات نہیں کی جا سکتی، اور جب مجرم سزا سے بچتے رہیں تو انصاف کی بات بھی بے معنی ہے۔

لیگ آف پارلیمنٹرینز فار القدس اینڈ فلسطین 

منگل، 10 نومبر 2026ء

میلنگ لسٹ کو سبسکرائب کریں

العضوية في المنظمات الدولية