لیگ آف پارلیمنٹرینز فار القدس اینڈ فلسطین کے ایک وفد نے سیاسی امور اور خارجہ تعلقات کی مستقل کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ یہ اجلاس اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے رکن ممالک کی پارلیمانی یونین (PUIC) کی 20ویں کانفرنس کے تحت منعقد ہوا، جو 22 سے 25 جون 2026 تک جاری رہی۔
لیگ کے اس وفد کی قیادت لیگ کے صدر جناب حمید بن عبداللہ الاحمر نے کی۔ وفد میں لیگ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد مکرم بلعاوی اور شعبۂ میڈیا کے سربراہ انجینئر عمر بوطالب بھی شامل تھے۔
سیاسی امور کی مستقل کمیٹی کے اجلاس میں فلسطین کی موجودہ صورت حال، غزہ پٹی میں جاری نسل کشی کی جنگ، اور بیت المقدس و مقدس مقامات کے تحفظ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی اور شرکاء نے اس معاملے میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں فلسطین کی موجودہ سنگین صورت حال اور غزہ پٹی کے خلاف جاری نسل کشی کی جنگ پر خاص توجہ دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی قبضے اور آبادکاروں کی جانب سے مسلسل کئے جانے والے حملوں اور کھلی خلاف ورزیوں پر بھی بات ہوئی۔
اپنی شرکت کے دوران لیگ نے موجودہ مرحلے سے نمٹنے کے لئے اپنا مؤقف اور اپنی حکمت عملی بھی پیش کی۔ لیگ نے اس بات پر زور دیا کہ صرف مذمت کرنے کے بجائے مؤثر قانون سازی کی طرف بڑھنا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لئے ایسے مضبوط قومی قوانین بنائے جانے چاہئے جو اسرائیلی قبضے اور اس کی غیر قانونی بستیوں سے تعلقات کو جرم قرار دیں۔
وفد نے اس بات پر زور دیا کہ خطے اور دنیا میں حقیقی امن اور استحکام اس وقت تک قائم نہیں ہو سکتا جب تک فلسطین کے مسئلے کا منصفانہ اور بنیادی حل تلاش نہ کیا جائے۔ اس کے لئے ایک مشترکہ اسلامی دفاعی حکمت عملی تشکیل دینا ضروری ہے، جس میں فلسطین کو مرکزی حیثیت حاصل ہو۔
وفد نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی قبضے کی جانب سے فلسطینیوں پر ذلت آمیز طور پر ہتھیار ڈالنے اور شکست تسلیم کرنے کے لئے ڈالے جانے والے دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لئے سب سے پہلے فلسطینی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ضروری ہے۔ اس کے بعد اسلامی دنیا کے اجتماعی اداروں کے ذریعے سنجیدہ، مخلص اور منظم کوششیں کی جانی چاہئیں۔
وفد نے پارلیمانی سفارت کاری کو عوامی اور عملی سطح پر فعال بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس کے علاوہ غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کے لئے پارلیمانی وفود بھیجنے اور اسلامی ممالک میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرنے والی عوامی تحریکوں کی حمایت اور حوصلہ افزائی کرنے پر زور دیا۔
لیگ کے وفد کی سیاسی امور کی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت ایک وسیع اور بھرپور پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد پارلیمانی یونین کے مختلف اداروں اور اجلاسوں میں لیگ کی حیثیت اور کردار کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اس کمیٹی کے اجلاس کے علاوہ، وفد نے فلسطین سے متعلق مستقل کمیٹی کے 14ویں اجلاس میں بھی فعال طور پر شرکت کی۔ اس اجلاس میں منظور کی گئی قراردادوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا اور بیت المقدس کی عرب اور اسلامی شناخت کے تحفظ پر توجہ دی گئی۔
وفد نے مشترکہ پارلیمانی مؤقف طے کرنے کے لئے عرب گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ کانفرنس کے عمومی اجلاس، افتتاحی اجلاس اور اختتامی اجلاس میں بھی شرکت کی۔
کانفرنس کے موقع پر لیگ کا وفد مختلف پارلیمانوں کے سربراہان اور شریک وفود کے ساتھ کئی دو طرفہ ملاقاتیں بھی کر رہا ہے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد سفارتی کوششوں کو متحرک کرنا اور ادارہ جاتی سطح پر مشترکہ تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔